محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 22 مارچ کو جنوبی بلوچستان میں بارش کا نیا سسٹم داخل ہوگا جس کے نتیجے میں کراچی، سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے سلسلہ کے زیر اثر سندھ کے مختلف علاقوں میں گرد وغبار کے آسار ہوسکتے ہیں۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ بدستور خطے میں موجود ہے جس کے زیر اثر سندھ میں جامشورو، ٹھٹہ ، سجاول، بدین، تھر پارکر، سانگھڑ ، عمر کوٹ، میر پور خاص، حیدرآباد، مٹیاری اوردیگراضلاع میں گرد وغبار ہوسکتا ہے ۔ گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں تیز باش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
سسٹم کے زیر اثر بلوچستان کے اکثر اضلاع میں 22 سے 23 مارچ کے دوران بیشتر مقامات پر گرد وغبار متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور تیز بارش کا امکان ہے۔



















