سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے متازعہ پیکا ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دے دی ہے۔
سینیٹر فیصل سلیم کی صدارت میں ہونے والے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پیکا ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا گیا جس پر کمیٹی ارکان نے بحث کی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین فیصل سلیم نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کیمیٹیوں کو بل کی منظوری کے لیے 3 دن کا وقت دیا گیا تھا۔
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بل کی مخالفت کی اور سوال کیا کہ یہ قانون اتنی جلدی میں کیوں منظور کیا جارہا ہے۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بل میں بہت سے خامیاں ہیں، اس میں فیک نیوز کی تشریح بھی شامل نہیں، اتنے کم وقت میں قانون پڑحا ہی نہیں جاسکتا، مشاورت کیا ہوگی۔
اس موقع پر حکومتی ارکان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بل منظور کیا جاچکا ہے، حکومت فیک نیوز کا خاتمہ کرنے کے لیے یہ بل منظور کررہی ہے۔ بعدازاں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کرتے ہوئے اسے ایوان میں پیش کرنے کے لیے بھجوا دیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو قومی اسمبلی نے متنازعہ پیکا ایکٹ 2025 ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا، جس کے خلاف ایوان میں موجود صحافیوں نے احتجاج اور واک آؤٹ کیا تھا۔
صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی بھی پیکا ایکٹ میں ترامیم کا بل مسترد کرچکی ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ پیکا ایکٹ میں ترامیم پر صحافتی تنظیموں سے مشاورت نہیں کی گئی۔



















