لندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی طلبا کے لیے برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم مفت حاصل کرنے کا ایک شاندار موقع سامنے آیا ہے، کیونکہ برطانوی حکومت کے عالمی سطح پر معروف اسکالرشپ پروگرام “شیوننگ” کے لیے درخواستیں دینے کا عمل جاری ہے۔
یہ پروگرام دنیا بھر سے ذہین اور باصلاحیت افراد کو برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جہاں طلبا کو ٹیوشن فیس، ویزہ، رہائش اور ماہانہ الاؤنس مکمل طور پر فراہم کیا جاتا ہے۔ اسکالرشپ کے لیے وہ افراد اہل ہیں جو دو سالہ پیشہ ورانہ تجربہ رکھتے ہوں۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ یہ اسکالرشپ مستقبل کے رہنماؤں کے لیے ایک مثالی آغاز ہے۔
یہ پروگرام برطانوی وزارتِ خارجہ، دولتِ مشترکہ، ترقیاتی امور اور کئی شراکت دار اداروں کے تعاون سے دنیا بھر کے نوجوانوں کو برطانیہ کی جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔
درخواست دینے کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے۔ امیدواروں کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی: شیوننگ کے اہلیت کے معیار پر پورا اترنا، ایک مؤثر اور متاثر کن درخواست لکھنے کی صلاحیت، فعال ای میل اور فون نمبر، اور آن لائن اپلیکیشن سسٹم کا ایکسیس کوڈ۔ اس کوڈ کی ضرورت ہر مرحلے پر پڑے گی۔
درخواست کے مختلف مراحل پر نظر رکھنے کے لیے امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شیوننگ اسکالرشپ کی سرکاری ویب سائٹ کو بک مارک کر لیں۔