انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے شاندار کارکردگی کی بنیاد پر سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان کے اسٹار بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان کی تنزلی جاری ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ کی ٹاپ 20 فہرست سے باہر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ محمد رضوان دو درجے نیچے جا کر 22 ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ دوسری جانب نوجوان بیٹر حسن نواز نے دو درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے اپنی پوزیشن کو 31 ویں نمبر تک پہنچا دیا ہے۔ اس وقت ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر انگلینڈ کے جو روٹ، دوسرے پر ہیری بروک اور تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن موجود ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں بھی پاکستان کے لیے صورتحال کچھ زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہے۔ کوئی بھی پاکستانی باؤلر ٹاپ 20 فہرست میں شامل نہیں ہو سکا۔ البتہ سفیان مقیم گیارہ درجے ترقی کے بعد 21 ویں نمبر پر آگئے ہیں، شاہین آفریدی نے آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 26 ویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ حارث رؤف چار درجے تنزلی کے بعد 28 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے محمد نبی ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا نے سری لنکا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دنیا کے بہترین آل راؤنڈر کی پوزیشن حاصل کی ہے۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 26 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، جبکہ اوپنر فخر زمان ایک درجہ بہتری کے ساتھ 27 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔



















