سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں نے صوبہ پنجاب میں وسیع رقبے پر کھڑی فصلوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ لاہور میں دریائے راوی کے بپھرنے سے نہ صرف رہائشی علاقے زیرِ آب آگئے بلکہ زرعی زمینیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔
بڑے پیمانے پر سبزیاں اور پھل تباہ ہونے کے باعث مہنگائی میں اضافے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ سنگھ پورہ سبزی منڈی میں اس وقت کوئی بھی سبزی ڈھائی سے تین سو روپے فی کلو سے کم قیمت پر دستیاب نہیں ہے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی کے مطابق سیلاب نے مختلف فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے، تاہم اصل صورتحال پانی اترنے کے بعد ہی واضح ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سبزیوں، گندم اور کپاس سمیت دیگر فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں مشکلات تو سامنے آئیں گی لیکن عوام کو صبر اور حوصلے سے ان حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔



















