دنیا بھر میں لگژری اور منفرد فیشن برانڈ کی پہچان رکھنے والے معروف اطالوی ڈیزائنر جورجیو ارمانی طویل علالت کے بعد 91 برس کی عمر میں چل بسے۔ ارمانی گروپ نے 4 ستمبر کو اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ جورجیو ارمانی، جنہیں ہمیشہ ان کے ملازمین اور ساتھی عزت و محبت سے یاد کرتے رہے، اپنے پیاروں کے درمیان پرسکون انداز میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ گروپ نے مزید بتایا کہ وہ اپنی زندگی کے آخری ایام تک نہ تھمنے والی محنت اور اپنے کام کے لیے مکمل لگن کے ساتھ مصروف رہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جورجیو ارمانی اپنی کمپنی کے نئے کلیکشنز، جاری منصوبوں اور مستقبل کے اہداف کے لیے مکمل طور پر وقف رہے۔ کمپنی کی طرف سے انگریزی اور اطالوی زبانوں میں جاری پیغام میں کہا گیا کہ ارمانی گروپ کے تمام ملازمین ہمیشہ خود کو ایک خاندان کا حصہ سمجھتے تھے، اور یہ تعلق ان کے بانی کے وژن اور قیادت کا عکس تھا۔
انسٹاگرام پر جاری ایک اور بیان میں بتایا گیا کہ جورجیو ارمانی کی آخری رسومات 6 ستمبر کو نجی طور پر ادا کی جائیں گی۔
جورجیو ارمانی کو جدید اطالوی فیشن اور خوبصورتی کا مترادف سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 1975 میں اپنے نام سے برانڈ قائم کیا، جو ابتدائی طور پر مردانہ لباس کے ایک سادہ کلیکشن سے شروع ہوا اور بعد میں ایک عالمی لگژری فیشن سلطنت میں تبدیل ہو گیا۔
انہوں نے ڈیزائننگ کی جدت کو کاروباری حکمتِ عملی کے ساتھ جوڑ کر ایک ایسی کمپنی کی بنیاد رکھی، جس کی سالانہ آمدنی تقریباً 2.3 بلین یورو تک پہنچ گئی۔ ان کا برانڈ ’ارمانی‘ آج دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، جس کے کپڑے، جوتے اور دیگر لگژری آئٹمز ہمیشہ اعلیٰ معیار اور بھاری قیمت کے ساتھ فروخت ہوتے ہیں۔
کچھ عرصے سے علیل ہونے کے باعث وہ رواں سال جون میں میلان مینز فیشن ویک کے دوران اپنے برانڈ کے شو میں شرکت نہ کر سکے۔ یہ ان کے کیریئر میں پہلا موقع تھا جب وہ اپنے ہی کیٹ واک ایونٹس سے غیر حاضر رہے، جو ان کی بیماری کی سنگینی کا اظہار تھا۔