انسٹنٹ میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی آزمائش شروع کر دی ہے جس کا مقصد گروپ چیٹس کو زیادہ منظم اور سہل بنانا ہے۔ اس فیچر کے تحت اب کسی بھی میسج پر کیے گئے جوابات الگ الگ نظر آنے کے بجائے ایک تھریڈ کی شکل میں اصل میسج کے ساتھ جمع ہوں گے۔
اس وقت واٹس ایپ پر کسی بھی میسج کا جواب ایک علیحدہ میسج کے طور پر دکھائی دیتا ہے، جس کی وجہ سے اگر متعدد افراد ایک ہی میسج پر ردعمل دیں تو گفتگو بے ترتیب ہو جاتی ہے۔ لیکن اس نئے فیچر کے ذریعے اگر کسی میسج پر دس لوگ ریپلائی کریں تو وہ سب ایک ہی جگہ تھریڈ کی صورت میں دیکھے جا سکیں گے، جس سے کسی خاص موضوع پر جاری گفتگو کو سمجھنا اور فالو کرنا کہیں زیادہ آسان ہوگا۔
یہ سہولت خاص طور پر ان گروپس کے لیے مفید ثابت ہوگی جہاں بیک وقت کئی صارفین بات چیت کر رہے ہوں۔ اس کے نتیجے میں نئے شامل ہونے والے اراکین بھی آسانی سے کسی اہم بحث کو سمجھ سکیں گے۔ تھریڈ پر کلک کرنے سے تمام جوابات ایک ساتھ کھل جائیں گے۔
واٹس ایپ نے فی الحال اس فیچر کو محدود پیمانے پر بعض صارفین کے لیے دستیاب کیا ہے تاکہ اس کا تجربہ کیا جا سکے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس سہولت کو مزید صارفین تک بڑھایا جائے گا اور بعد میں اسے عام صارفین کے لیے بھی باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔