وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر خصوصی افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ نے ایک افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو خصوصی افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی تھی۔
اسی سلسلے میں آج ناؤ ڈبلیو پی ڈی پی کی ٹیم نے ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس یونس چانڈیو کے کلفٹن آفس کا دورہ کیا، جہاں ٹیم نے ڈی ایس پی ڈرائیونگ لائسنس فہیم اور دیگر افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خصوصی افراد کے لیے لائسنس کے اجرا کے طریقہ کار پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تربیت کے ساتھ ساتھ ریٹروفٹڈ رکشوں کے ذریعے خصوصی افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس یونس چانڈیو نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ہر ممکن عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خصوصی افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی تاکہ وہ بھی دیگر شہریوں کی طرح خودمختاری کے ساتھ سفر کر سکیں۔



















