وزیرِاعظم شہباز شریف کا امریکا کا جاری سفارتی دورہ آج (جمعرات) اپنے عروج پر پہنچے گا جب وہ وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق وزیرِاعظم اپنے مصروف دورے کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے، مسلم بلاک کے کثیرالجہتی اجلاس میں حصہ لیا اور نیویارک میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ اب تمام تر توجہ واشنگٹن میں ہونے والی اس مرکزی ملاقات پر مرکوز ہے، جس کے لیے حکام تیاریوں میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کی میڈیا ٹیم، پاکستان کا سفارت خانہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کا عملہ اس ملاقات کو یقینی قرار دے رہا ہے۔ کئی سینئر سفارت کار پہلے ہی واشنگٹن واپس پہنچ چکے ہیں تاکہ تیاری مکمل کی جا سکے، جبکہ میڈیا ٹیم اور پاکستان سے آنے والے صحافی بھی واشنگٹن منتقل ہو گئے ہیں۔
گزشتہ روز میڈیا گفتگو میں جب صحافیوں نے وزیرِاعظم سے صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بارے میں سوال کیا تو شہباز شریف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر اگلے دن بات کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیرِاعظم کے ساتھ وائٹ ہاؤس ملاقات میں شریک ہوسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں آرمی چیف وہ پہلے فوجی کمانڈر بنے تھے جنہیں وائٹ ہاؤس میں دو طرفہ ملاقات کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
اگرچہ اس ملاقات کی باضابطہ سرکاری تصدیق تاحال جاری نہیں کی گئی تھی، تاہم تمام تر انتظامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ آج کا دن پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارت کاری کے لحاظ سے نہایت اہم ثابت ہوگا۔


















