خلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ بھارتی ریاست گجرات میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر کراچی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے شہر میں جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ شہریوں نے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں کے بعد موسم کو خوشگوار پایا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے اثرات کراچی کے کئی علاقوں میں ظاہر ہوئے، جن میں شیر شاہ، بلدیہ، ماڑی پور، ہاکس بے، شہید ملت روڈ، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، یونیورسٹی روڈ، پی آئی ڈی سی، بزرٹہ لائن اور کالا پل شامل ہیں، جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خلیج کیمبے اور گجرات پر موجود کم دباؤ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر سائیکلون کا دوسرا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ سسٹم اس وقت کراچی سے تقریباً 340 کلومیٹر جنوب مشرق میں سوراشٹرا اور گجرات کے قریب موجود ہے، اور امکان ہے کہ یہ رات یا کل صبح تک خلیج کَچھ کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرے گا۔
ماہرین کے مطابق سازگار ماحولیاتی حالات، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت، کم یا اعتدال پسند ونڈ شیئر اور بالائی سطح کے ڈائیورژن کے باعث یہ سسٹم مزید شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد یہ پہلے مغرب اور پھر جنوب مغرب کی سمت میں بڑھنے کا امکان رکھتا ہے۔
اس موسمیاتی نظام کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو اللہ یار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ سمندری حالات ناہموار اور بہت ناہموار رہیں گے، جہاں ہواؤں کی رفتار 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اسی لیے سندھ کے ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2 اکتوبر تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ کراچی میں قائم پی ایم ڈی کا سائیکلون وارننگ سینٹر اس سسٹم کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔