بھارتی ریاست کرناٹکا میں مشہور ریئلیٹی شو ’’بگ باس کنڑ سیزن 12‘‘ کو اچانک بند کر دیا گیا ہے جبکہ شو کی ریکارڈنگ کے لیے استعمال ہونے والا اسٹوڈیو بھی حکام نے سیل کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کرناٹک حکومت کے حکام نے منگل کی رات بنگلورو کے مضافات میں واقع جالی وُڈ اسٹوڈیوز اینڈ ایڈونچرز کے احاطے کو بند کر کے وہاں جاری ریئلیٹی شو ’’بگ باس کنڑ‘‘ کی سرگرمیاں روک دیں اور سیٹ کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔
کرناٹک اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ (KSPCB) نے بتایا کہ اسٹوڈیو انتظامیہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی تھی اور بغیر اجازت ناموں کے کام جاری رکھے ہوئے تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر بندش کے احکامات جاری کیے گئے۔
بورڈ کے مطابق اسٹوڈیو انتظامیہ کو کئی بار نوٹسز جاری کیے گئے لیکن اس کے باوجود سرگرمیاں بند نہیں کی گئیں۔ قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کے باعث کارروائی ناگزیر تھی۔
ذرائع کے مطابق، تمام شو کے شرکاء کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کا حکم دیا گیا اور انہیں سیکیورٹی کے ساتھ احاطے سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ ’’بگ باس کنڑ‘‘ کا یہ سیزن معروف اداکار کچا سدیپ کی میزبانی میں حال ہی میں شروع ہوا تھا۔ شو کا سیٹ تقریباً 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا تھا، جو اب مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شو کی بندش کے بعد 700 سے زائد افراد، جن میں عملہ اور تکنیکی ٹیم شامل تھی، اپنے گھروں کو واپس چلے گئے۔
اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیرِ جنگلات نے کہا کہ اسٹوڈیو انتظامیہ کو مارچ 2024 میں باقاعدہ نوٹس جاری کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے سرگرمیاں بند نہیں کیں۔ ان کے مطابق اسٹوڈیو کے پاس واٹر اور ائیر ایکٹ کے تحت لازمی اجازت نامے موجود نہیں تھے اور متعدد بار کے معائنے کے باوجود انہوں نے اجازت حاصل کرنے کی زحمت نہیں کی۔
وزیر نے مزید کہا کہ یہ عمل سپریم کورٹ اور نیشنل گرین ٹریبونل (NGT) کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اگر منتظمین چاہیں تو انہیں عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی استثنا حاصل نہیں۔