قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی جبکہ محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ 362 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے فوراً بعد نعمان علی اور ساجد خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ یہ تینوں وکٹیں اسپنر سینوران متھوسامے کے حصے میں آئیں جنہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سلمان علی آغا بدقسمتی سے نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 93 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 7 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے پرینیلان سبراین نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کی جانب سے اب ذمہ داری بولرز پر عائد ہوتی ہے کہ وہ جنوبی افریقا کے بلے بازوں کو جلد آؤٹ کر کے میچ پر گرفت مضبوط کریں۔