لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنر نعمان علی نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اہم قومی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے تیسرے روز وہ تاریخی لمحات دیکھنے کو ملے جب 39 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نے سابق پاکستانی اسپنر اقبال قاسم کا 37 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 269 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس اننگز میں نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایک بار پھر اپنی کلاس اور تجربے کا لوہا منوایا۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کا وہ موقع تھا جب انہوں نے نویں مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔
یہ کارنامہ انجام دے کر نعمان علی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 1988 میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے معروف اسپنر اقبال قاسم نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 8 بار ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوچکی ہے جس کے بعد جنوبی افریقا کو فتح کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا ہے۔ میچ کے اگلے روز کا کھیل دونوں ٹیموں کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے اور شائقین کرکٹ کی نظریں نعمان علی سمیت پاکستانی بولنگ لائن پر مرکوز ہیں۔