حکومت پنجاب اور پنجاب پولیس نے بلاول ہاؤس لاہور کی سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی معمول کے مطابق برقرار ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں مکمل طور پر من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول ہاؤس لاہور میں سیکیورٹی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے اور کسی قسم کی تبدیلی یا کمی نہیں کی گئی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بھی سیکیورٹی ہٹانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول ہاؤس کی سیکیورٹی مکمل طور پر برقرار ہے اور وہاں تعینات اہلکار معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق چند اہلکار محض ریسٹ پر تھے جن کی جگہ متبادل فوراً بھجوا دی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی میں کوئی خلا پیدا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ معمول کی یہ تبدیلیاں کسی بھی حساس مقام پر ایک معمول کا حصہ ہوتی ہیں اور انہیں سیکیورٹی واپس لینے سے جوڑنا گمراہ کن اور بے بنیاد ہے۔ ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیکیورٹی میں کمی یا تبدیلی سے متعلق کوئی ہدایات جاری نہیں ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس لاہور کی سیکیورٹی ہائی پروفائل رہنماؤں کے تحفظ کے لیے جاری رہنے والے پلان کے تحت برقرار ہے اور کسی قسم کے خطرے یا غیر معمولی صورت حال کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔