اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کے نرخ میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے مالی سال 2024 تا 2030 کے لیے جمع کرائی گئی ملٹی ایئر ٹیرف کی نظرثانی کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا، جس کے مطابق کمپنی کا اوسط ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 32.37 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
نیپرا کے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ادارے کا رائٹ آف کلیمز سے متعلق سابقہ فیصلہ برقرار رہے گا۔ یہ فیصلہ کے الیکٹرک کے جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی سے متعلق تمام شعبوں پر لاگو ہوگا۔
اگرچہ نیپرا نے ٹیرف میں واضح کمی کی ہے، تاہم فیصلے میں صارفین پر رائٹ آف کلیمز کی مد میں 50 ارب روپے کا بوجھ برقرار رکھا گیا ہے۔ نیپرا کے مطابق یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ کمپنی کے مالیاتی تقاضے اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبے متاثر نہ ہوں۔
ادھر کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی نیپرا کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ ادارے کے مختلف کاروباری پہلوؤں، جن میں جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی شامل ہیں، پر محیط ہے۔ کمپنی نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے تمام پہلوؤں کا قانونی طور پر جائزہ لے گی اور ضرورت پڑنے پر مناسب فورمز پر اپنی اپیل دائر کرے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کو بہتر اور مستحکم سروس فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



















