اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری آئندہ ماہ کے آغاز میں قطر کا اہم دورہ کریں گے، جہاں وہ عالمی سطح پر سماجی ترقی سے متعلق ایک بڑی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
صدر زرداری 4 سے 6 نومبر تک دوحہ میں ہونے والی دوسری عالمی سماجی ترقی کانفرنس میں شریک ہوں گے، جو 1995 میں کوپن ہیگن میں منعقدہ پہلے اجلاس کے تسلسل کا حصہ ہے۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر کے متعدد عالمی رہنما شریک ہوں گے۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔



















