محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے۔ سرد ترین علاقوں میں اسکردو شامل ہے، جہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی اضلاع میں موسم قدرے سخت سردی کے ساتھ برقرار رہا۔ پنجاب کے چند میدانی اضلاع میں ہلکی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر رہی اور ٹریفک کی روانی پر بھی جزوی اثر پڑا۔
دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک حد تک برقرار ہے۔ شہر کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر درج کیا گیا ہے۔ لاہور میں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک حد قرار دیا جاتا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔



















