پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ آپریشن بنیانِ مرصوص میں پاکستان ائیر فورس نے دشمن کو نہایت واضح اور تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 مئی کو دشمن کے جدید ڈیفنس سسٹم کو بھرپور کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو پاک فضائیہ نے فوری اور مضبوط ردِعمل دیتے ہوئے دشمن کے جدید ترین لڑاکا طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھا، مار گرائے۔ ان کے مطابق اس آپریشن کے دوران پاکستان نے سائبر وار فیئر میں بھی اپنی برتری ثابت کی۔
ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کی ہر حرکت لمحوں میں مانیٹر کی اور تمام کارروائیاں نہایت مؤثر، منظم اور کیلکولیٹڈ انداز میں انجام دیں۔ ان کے مطابق رافیل طیاروں کی صلاحیت پاکستان ائیر فورس کے سامنے مکمل طور پر بے اثر ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر کبھی بھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، اور پاک فضائیہ کا ہر افسر اور جوان ملک کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق میں اہم اور قائدانہ کردار ادا کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر کسی نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا تو اسے سخت جواب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اعتماد افواجِ پاکستان کی حقیقی قوت ہے، اور بین الاقوامی سطح پر بھی پاک فضائیہ کی کارکردگی کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔



















