اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے متعلق اہم فیصلہ متوقع ہے۔ اجلاس میں عوام پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا جائے گا۔
حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں نمایاں اضافے کی تجاویز ایجنڈے میں شامل کر لی ہیں۔ ان تجاویز کی منظوری کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی کے سامنے پیش کی جانے والی اہم تجویز ’’آپشن ٹو‘‘ میں او ایم سی مارجن 1.63 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن 1.79 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور عام صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔



















