کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایک مرتبہ پھر زلزلے کے ہلکے مگر واضح جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.1 ریکٹر اسکیل ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی زمین میں 20 کلومیٹر نوٹ کی گئی۔ مرکزِ زلزلہ بارکھان سے تقریباً 21 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اچانک زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ گھبراہٹ کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی سیکنڈ تک زمین ہلتی رہی، جس کے دوران شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم مقامی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا فوری جائزہ لیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اب تک کسی ایمرجنسی کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری خوف و گھبراہٹ سے گریز کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے فراہم کردہ معلومات پر انحصار کریں، جبکہ زلزلے کے بعد حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
زلزلے کے بعد مقامی باشندے محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں اور حکام کی جانب سے عوامی آگاہی مہم بھی تیز کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھی ضلع بارکھان میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت 4.2 ریکٹر اسکیل اور گہرائی 25 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔



















