نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر مسٹر لیو ہائیشنگ سے ملاقات کی، جس کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مستحکم اور مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران پارٹی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری مختلف منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو باہمی تعاون کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس کے تحت جاری منصوبوں کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ دونوں ممالک کو اس کے ثمرات جلد حاصل ہو سکیں۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے اس موقع پر مسٹر لیو ہائیشنگ کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی بیسویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے کل رکنی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور چین کی مسلسل ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ شایانِ شان اور باوقار انداز میں منائی جائے گی، جس کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد کا منصوبہ بنایا جائے گا۔
دونوں فریقین نے پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، تاکہ دوطرفہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہو سکیں۔



















