کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث ریکارڈ بننے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ کے آغاز پر اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں 4800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک موقع پر ایک لاکھ 83 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گئی۔
ٹریڈنگ کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 83 ہزار 964 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا، تاہم کاروباری روز کے اختتام پر کچھ منافع خوری کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 3373 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 82 ہزار 408 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کاروباری دن کے دوران آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پاور جنریشن کے شعبوں میں نمایاں خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا، جس سے مجموعی مارکیٹ کو سہارا ملا۔
اسی طرح حبکو، ماری، او جی ڈی سی ایل، پول، پی پی ایل، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ایچ بی ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل کے حصص بھی مثبت زون میں ٹریڈ کرتے دکھائی دیے، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 2679 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 79 ہزار 34 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، جس کے بعد موجودہ ہفتے میں تیزی کا یہ سلسلہ مزید مضبوط ہو گیا ہے۔



















