محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس وقت شمال مشرقی سمت سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم میں خنکی برقرار ہے، جبکہ جمعرات سے شہر میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت کے 10 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کو کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کا امکان موجود ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آئندہ دس روز کے دوران کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کے باعث موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 یا 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم بالائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، تاہم اس سسٹم کے سندھ پر ممکنہ اثرات اور بارش کے حوالے سے حتمی پیش گوئی بعد میں جاری کی جائے گی۔



















