اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمے میں علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اسے فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیس میں قانونی تقاضے پورے نہ ہونے اور ملزم کے مسلسل عدم پیشی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے خلاف دفعہ 87 کے تحت اشتہار چسپاں کیا جا چکا ہے جبکہ اشتہاری کارروائی کی مکمل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ اور حالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم روپوش ہو چکا ہے، جس کے باعث عدالت نے علی امین گنڈاپور کو باقاعدہ طور پر اشتہاری قرار دینے کا حکم جاری کیا۔
عدالت نے ملزم کے ضمانتی مچلکے منسوخ کرتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں اور ساتھ ہی اسے اشتہاری ملزمان کی فہرست میں شامل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم کے ضمانتی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے، جس کی سماعت اسلام آباد کی عدالت میں جاری تھی۔



















