وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں ترقی اور تعلیم کے شعبے میں جاری اقدامات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا استقبال گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کیا، جبکہ اس موقع پر متعدد وفاقی وزرا بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم بلوچستان میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں وفاقی وزراء کے علاوہ صوبائی حکام بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انتظامی چیلنجز اور عوامی تحفظ کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ میں دو اہم ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جنہیں صوبے کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم پانچ دانش اسکولوں کا افتتاح بھی کریں گے، جن کا مقصد بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
شہباز شریف اپنی مصروفیات کے دوران وزیراعلٰی بلوچستان، صوبائی حکام اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ صوبے کے مختلف مسائل پر مشاورت اور حکومتی حکمت عملی کا جائزہ لیا جا سکے، وزیراعظم قبائلی عمائدین اور مقامی سماجی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں علاقے کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بات ہوگی۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ بھی اہم ملاقاتوں کا امکان ہے، جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے، تعلیمی اقدامات اور دیگر سیاسی امور پر غور کیا جائے گا۔



















