کراچی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ کراچی کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کو عوامی جلسے کی اجازت نہ مل سکی، تاہم سندھ حکومت نے سہیل آفریدی کی آمد پر سرکاری پروٹوکول فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث کراچی میں عوامی جلسے کی اجازت دینا ممکن نہیں قرار دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے صدر راجہ اظہر کی جانب سے 11 جنوری کو باغِ جناح میں عوامی جلسے کے انعقاد کے لیے اجازت طلب کی گئی تھی، تاہم انتظامیہ نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے عوامی اجتماع کے لیے متبادل آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے شہر کے مختلف علاقوں سے کارکنان اور عوامی قافلوں کو مزارِ قائد کے اطراف جمع ہونے کی ہدایت دینے پر مشاورت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی مزارِ قائد پر حاضری دیں گے، جس کے بعد وہ وہاں موجود عوام اور کارکنان سے مختصر خطاب بھی کریں گے۔ پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ تمام سرگرمیاں پرامن انداز میں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام دی جائیں گی۔



















