کراچی: شہرِ قائد ان دنوں شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے باعث شہریوں کو سخت سردی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، جس سے سردی کی شدت میں واضح اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم رات کے اوقات میں سردی برقرار رہے گی۔ پیش گوئی کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، جبکہ شہر میں مجموعی طور پر کم سے کم درجہ حرارت 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں فرق دیکھا گیا۔ سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ گلستانِ جوہر اور شاہراہِ فیصل پر کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسی طرح ماڑی پور میں درجہ حرارت 10 ڈگری اور بن قاسم میں 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو سردی کے احساس میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔



















