کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پی ٹی آئی کے کراچی میں منعقدہ جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باغِ جناح ایک وسیع اور بڑا میدان ہے، جسے بھرنا ہر کسی کے لیے آسان کام نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسوں کی کامیابی کا اندازہ محض دعوؤں سے نہیں بلکہ زمینی حقائق سے لگایا جانا چاہیے۔
خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے کراچی میں جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس گراؤنڈ بھرنے کے لیے کارکن موجود نہیں تھے تو وہ ہم سے کہتے، ہم فراہم کر دیتے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جلسوں کے حوالے سے حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔
دوسری جانب وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاجی طرزِ سیاست پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پُرامن احتجاج اور پی ٹی آئی دو مختلف چیزیں ہیں، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے صوبے میں عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے بجائے دوسرے صوبوں میں پہیہ جام کرنے کی کوشش مناسب طرزِ سیاست نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کراچی میں جلسہ منعقد کیا تھا۔ نمائش چورنگی پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں، تاہم اس کے باوجود بڑی تعداد میں کارکن جلسے میں شریک ہوئے۔ سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پنجاب اور سندھ دونوں میں ان کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا گیا، جس کے بعد وہ خیبرپختونخوا میں اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملک بھر میں پہنچائیں گے۔



















