کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آتشزدگی سے تباہ ہونے والے گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر کے عمل میں کم از کم دو سال کا وقت درکار ہوگا، کیونکہ اس منصوبے کو مکمل احتیاط اور مرحلہ وار طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی جانوں کا تحفظ اور متاثرہ تاجروں کی بحالی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ سانحے کی مکمل اور شفاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے، جس کی رپورٹ کسی بھی وقت سامنے آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انکوائری رپورٹ تسلی بخش نہ ہوئی تو فوری طور پر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ وہاں اتنی ہی دکانیں تعمیر کی جائیں جتنی پہلے موجود تھیں، جبکہ متاثرہ تاجروں کو عارضی طور پر قریبی پلازوں کی دکانوں میں منتقل کیا جائے گا تاکہ ان کا کاروبار متاثر نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی چیمبر حکومت کے ساتھ مل کر مارکیٹ ایسوسی ایشنز سے حفاظتی ایس او پیز کے حوالے سے مشاورت کر رہا ہے، اور جن مارکیٹوں میں طے شدہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوگا، انہیں بند کر دیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔



















