مقامی صرافہ مارکیٹ میں آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 11،700 روپے کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونا مقامی سطح پر تاریخ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے چھٹے یعنی ہفتے کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہو گیا، جس کے بعد سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز ملک میں 24 قیراط کے حامل ایک تولہ سونا 11,700 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ 19 ہزار 462 روپے ہو گئی ہے، یہ اضافہ ایک ہی دن میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جس سے عام صارفین کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 10،030 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 45 ہزار 354 روپے ہو گئی ہے، سونے کے نرخوں میں اس مسلسل اضافے نے شادیوں کے موسم میں زیورات کی خریداری کرنے والی خواتین اور خاندانوں کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے جبکہ مارکیٹ کے کئی دکانداروں کا کہنا ہے کہ گاہکوں کی آمد پہلے ہی کم تھی اور
اب نئی قیمتیں صورتحال کو مزید متاثر کریں گی۔
دوسری جانب بین اقوامی مارکیٹ سونے کی قیمت 117 ڈالر سے برھ کر 4,967 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
پاکستان میں چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد چاندی کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، فی تولہ چاندی کی قیمت 444 روپے کے اضافے کے بعد 8 ہزار 269 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 381 روپے بڑھ کر 7 ہزار 089 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ کاروباری روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 21,400 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی جبکہ عالمی منڈی میں سونا فی اونس 214 ڈالر سستا ہوا تھا۔



















