ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 148 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دباؤ کے باوجود عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں فہیم اشرف کی جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
پاکستانی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا، تاہم صائم ایوب 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے، جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہو گئے۔ صاحبزادہ فرحان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور جلد آؤٹ ہو گئے۔
بعد ازاں محمد نواز اور شاداب خان نے مختصر شراکت قائم کی مگر دونوں زیادہ اسکور نہ کر سکے۔ مشکل وقت میں فہیم اشرف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اعتماد کے ساتھ شاٹس کھیلے اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کر لیا۔
اس سے قبل نیدرلینڈ کی جانب سے اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ باس ڈی لیڈ نے 30، مائیکل لیوٹ نے 24 اور کولن ایکرمین نے 20 رنز اسکور کیے۔ پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں مؤثر واپسی کرتے ہوئے پوری ڈچ ٹیم کو 147 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا اعتماد بھرپور آغاز کیا، جس سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے اور شائقین نے کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔



















