حکومت نے ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متبادل اقدامات اپنانے پر اتفاق کیا ہے، تاکہ توانائی بچت اور معاشی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نہ لگانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ صوبوں کی مخالفت کے باعث اس تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔
اجلاس میں توانائی بچت کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر غور کیا گیا، تاہم اس حوالے سے اتفاق رائے پیدا نہ ہو سکا، جس کے بعد دیگر آپشنز پر توجہ مرکوز کی گئی۔
حکومت نے متبادل اقدامات اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہدایت دی گئی ہے کہ مہنگائی کے دباؤ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ تیل و گیس کی سپلائی پر دباؤ کے باوجود ایندھن کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔



















