عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی اور برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 98 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جس نے عالمی مالیاتی صورتحال پر اثرات مرتب کیے ہیں۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عالمی مالیاتی منڈیوں پر بھی دیکھنے میں آئے، جہاں ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان سامنے آیا، بعض مارکیٹس میں کمی جبکہ کچھ میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی، جہاں 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 66 ہزار 518 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، جسے سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد سے جوڑا جا رہا ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے کاسپی انڈیکس میں 1.61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ جاپان کے نکئی اور ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی تقریباً 0.53 فیصد تک گراوٹ دیکھی گئی۔
بھارتی اسٹاک مارکیٹس میں بھی منفی رجحان غالب رہا، جہاں اہم انڈیکس ڈیڑھ فیصد سے زائد کمی کے ساتھ بند ہوئے، جو خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔



















