امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار کے بعد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے میمز اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس سفارتی کامیابی کے باعث دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کا مقام مزید بلند ہوا ہے، اور پاکستانی اپنی شناخت پر فخر کا اظہار کر رہے ہیں۔
صارفین کی جانب سے بنائی جانے والی میمز میں یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ پاکستانی دنیا کے کسی بھی حصے میں جائیں، وہ فخر کے ساتھ اپنی شناخت ظاہر کریں گے کیونکہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں کردار ادا کیا ہے۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے پاسپورٹ کی تصاویر کو تخلیقی انداز میں اپنے چہروں پر ایڈٹ کر کے شیئر کیا ہے، تاکہ اپنی قومی شناخت کو نمایاں کیا جا سکے، جبکہ ان میمز پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی دو ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کر لیا ہے، جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی شرائط کو تسلیم کیا، جس کے بعد دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔
ایران کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا آغاز جمعہ 10 اپریل سے اسلام آباد میں ہوگا، اور اگر دونوں فریقین کے درمیان اتفاق رائے برقرار رہا تو مذاکرات کی مدت میں توسیع بھی ممکن ہے۔



















