اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے پاکستان آنے والے امریکی نائب صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو خصوصی مہمان کے طور پر خوش آمدید کہا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس کے دوران مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی سفیر نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کے مؤثر اور مضبوط سفارتی کردار کو سراہا، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ مذاکرات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے، اور ان کے استقبال کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہمان وفود کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، تاکہ مذاکراتی عمل پرامن اور محفوظ ماحول میں مکمل ہو سکے۔



















