امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات کے لیے ایک مضبوط اور باصلاحیت ٹیم بھیجی گئی ہے تاکہ بات چیت کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کُشنر اور اسٹیو وٹکوف اسلام آباد میں مختلف اہم ملاقاتیں کریں گے، جہاں اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز بہت جلد مکمل طور پر کھل جائے گی، جبکہ ان کا مؤقف ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، اور اس حوالے سے کوئی بھی معاہدہ امریکا کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
دوسری جانب امریکا سے مذاکرات کے لیے ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اسلام آباد کے لیے روانگی اختیار کر لی ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے ان مذاکرات کے لیے امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر شامل ہوں گے، جو مختلف اہم امور پر بات چیت کریں گے۔



















