بنوں کے گاؤں خوجڑی سے تعلق رکھنے والے 23 ماہی گیر عمان کی سمندری حدود میں ایک ہولناک حادثے کا شکار ہوگئے، جن میں سے ایک ماہی گیر کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ باقی 22 تاحال لاپتہ ہیں۔
قومی اسمبلی کے رکن اور بنوں سے منتخب ہونے والے مولانا نسیم علی شاہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ماہی گیر 6 ستمبر کو مچھلیاں پکڑنے کے مقصد سے گوادر سے عمان کے لیے روانہ ہوئے تھے، لیکن بدقسمتی سے ان کا لانچ حادثے کا شکار ہوگیا۔
ان کے مطابق حادثہ لانچ کے کمپریسر میں اچانک آگ لگنے سے پیش آیا۔ خوش قسمتی سے ایک ماہی گیر کو قریب سے گزرنے والے بحری جہاز کے عملے نے بحفاظت نکال لیا، تاہم 22 افراد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔
دوسری جانب ماہی گیروں کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ وہ عمان میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان اور حکومتِ عمان سے اپیل کی ہے کہ وہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے فوری اقدامات کریں۔



















