پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد پاکستان علماء کونسل نے کل ملک بھر میں یومِ تشکر اور یومِ دعا منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں علماء کونسل کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے کے امن کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل اور کرم ہے کہ اس نے پاکستان کو حرمین شریفین کے دفاع کی سعادت عطا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت، افواج کے سربراہ اور سعودی ولی عہد اس معاہدے کے انعقاد پر خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے باقاعدہ طور پر پاکستان-سعودی اسٹریٹجک معاہدہ پر دستخط کیے تھے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی دفاع، علاقائی سلامتی اور عالمی امن کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کریں گے، عسکری تیاری اور انضمام میں اضافہ ہوگا اور کسی بھی ممکنہ خطرے یا چیلنج کا بہتر طور پر مقابلہ کیا جا سکے گا۔ اہم شق کے مطابق اگر کسی ایک ملک پر بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
یہ دفاعی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو نئی جہت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن اور استحکام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔



















