پاکستان نے اتوار کی شب فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرا میچ ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹوں سے جیتا تھا۔ تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو کہ کپتان کا درست فیصلہ ثابت ہوا۔
پاکستان کی اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی شاندار اوپننگ شراکت تھی، جنہوں نے پہلی وکٹ پر 138 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ فرحان نے 53 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، جبکہ صائم ایوب نے 49 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے، جن میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
فرحان کو 17ویں اوور کی دوسری گیند پر شائی ہوپ نے کیچ آؤٹ کیا۔ حسن نواز نے 15 رنز بنائے اور 18ویں اوور کی آخری گیند پر لانگ آف پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث 2 رنز بنا کر 19ویں اوور کی پہلی گیند پر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ صائم ایوب اسی اوور کی آخری گیند پر سویپر کور پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز اسکور کیے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے محض 10 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ ان کا پہلا نقصان 44 کے اسکور پر ہوا، جب جیول اینڈریو 24 رنز بنا کر لانگ آن پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب نے شائی ہوپ کو صرف 7 رنز پر آؤٹ کیا، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے مزید 116 رنز درکار تھے۔
الک اتھناز نے 60 رنز بنائے اور وہ 13ویں اوور تک کریز پر موجود رہے، تاہم صائم ایوب کی گیند پر خوشدل شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 17ویں اوور کے اختتام پر رستن چیز آؤٹ ہوئے، اور ان کی جگہ آنے والے جیسن ہولڈر کو صرف دو گیندوں بعد سفیان مقیم نے بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ کر دیا۔
میچ کے اختتام سے سات گیندیں قبل ردرفورڈ نے چھکا مار کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، تاہم وہ بھی 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور ویسٹ انڈیز آخری اوور میں فتح حاصل کرنے میں ایک بار پھر ناکام رہا۔
پاکستان نے اس شاندار جیت کے ساتھ سیریز اپنے نام کر کے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔



















