کراچی: محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارش برسانے والے طاقتور بادل اس وقت شہر کے مغربی حصوں میں موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق موجودہ مون سون سسٹم ڈپریشن کی شکل میں موجود ہے اور اس کا مرکز تقریباً 60 کلو میٹر کراچی کے مغرب میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں یہ ڈپریشن کم دباؤ کے نظام میں تبدیل ہو جائے گا۔
ادھر شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ برنس روڈ، صدر اور ایف بی ایریا کے یاسین آباد سمیت اطرافی علاقوں میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش رپورٹ کی گئی ہے۔ اسی طرح لانڈھی، ایئرپورٹ کے اطراف اور شارع فیصل پر بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔