راولپنڈی: 22 نومبر احتجاج کیس کے سلسلے میں ایک بار پھر تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان عدالت میں پیش نہ ہوئیں جس پر انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ان کے آٹھویں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے نئے وارنٹ گرفتاری علیمہ خان کی مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے جاری کیے ہیں، جو اس سے قبل 7 مرتبہ بار جاری ہونے والے وارنٹس کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ صادق آباد راولپنڈی میں درج ہے، جہاں 22 نومبر کے احتجاج کے دوران مبینہ طور پر قانون کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جنہوں نے عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدالت بارہا موقع فراہم کر چکی ہے مگر ملزمہ پیش نہیں ہو رہیں۔
سماعت کے دوران پانچ گواہان سمیت دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے بیانات قلم بند کرائے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے نمائندے بھی عدالت میں موجود تھے جنہوں نے علیمہ خان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جانے سے متعلق تحریری رپورٹ پیش کی۔



















