بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی طبی حالت مزید بگڑنے کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم ان کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیکل بورڈ نے بتایا ہے کہ خالدہ ضیاء شدید سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں متعدد اضافی طبی پیچیدگیوں کا بھی سامنا ہے، جس کے باعث ان کی مجموعی صحت انتہائی نازک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے نظامِ تنفس کو مؤثر طریقے سے برقرار رکھنے کے لیے وینٹی لیٹر کی مدد ناگزیر ہو گئی تھی، جبکہ دل، پھیپھڑے اور گردوں سمیت دیگر اہم اعضاء کو بھی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ میڈیکل ٹیم مختلف علاج اور سپورٹ سسٹمز کے ذریعے ان کی حالت کو مستحکم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیاء کو 23 نومبر کو دل اور پھیپھڑوں میں انفیکشن کی شکایت کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں داخلے کے بعد سے ان کی طبی پیچیدگیاں مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند دن ان کی صحت کے لیے نہایت اہم ہوں گے۔



















