کراچی میں سندھ اور بلوچستان میں موسمِ سرما کے دوران گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں تاکہ گھریلو صارفین کو سردی کے موسم میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق ڈی جی گیس کی جانب سے دونوں صوبوں میں صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس کی مسلسل فراہمی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ سرد موسم میں گھریلو صارفین کو بنیادی ضرورت کی فراہمی متاثر نہ ہو اور گیس پریشر کے مسائل پر فوری قابو پایا جا سکے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کم پریشر والے علاقوں کی نشاندہی روزانہ کی بنیاد پر صبح کی بریفنگ میں کی جائے گی، جس کے بعد متعلقہ فیلڈ ٹیموں کو فوری کارروائی کی ہدایات دی جائیں گی تاکہ گیس پریشر میں کمی کے مسائل جلد از جلد حل کیے جا سکیں۔
ترجمان سوئی سدرن کے مطابق اگر گیس پریشر کی بہتری میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر پائی گئی تو متعلقہ زونل ہیڈ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ صارفین کی سہولت اور گیس نظام کی بہتری اس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سردیوں میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر فیلڈ ٹیمیں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔



















