عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی ہزاروں روپے کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے یعنی پیر کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا سستا ہوا ہے، جس کے بعد عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح سے نیچے آگئیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں آج 24 قیراط کے حامل ایک تولہ سونا 21,500 روپے سستا ہوا ہے، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 90 ہزار 362 روپے ہو گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 18,433 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 20 ہزار 406 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بین اقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 215 ڈالر سے کم کر 4676 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی, فی تولہ چاندی 1 ہزار 601 روپے کم ہو کر 8 ہزار 405 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 516 روپے کی کمی کے ساتھ 7 ہزار 205روپے ہو گئی۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت میں مزید 6.01 ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس کی قیمت 79.30 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں گزشتہ تین روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 82 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 826 ڈالر گھٹ گئی ہے، جس سے عالمی اور ملکی سطح پر قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ نمایاں ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 25,500 روپے کا بڑی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ عالمی منڈی میں سونا فی اونس 255 ڈالر سستا ہوا تھا۔



















