کوئٹہ میں موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل رہی، جس کے باعث شہریوں، کاروباری افراد اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ آن لائن سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز معطل ہونے والی موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تاحال بحال نہیں ہو سکی، جس کی وجہ سے کاروباری لین دین، تعلیمی امور اور روزمرہ رابطے متاثر ہو رہے ہیں، اور شہریوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
اسی دوران کوئٹہ سے اندرونِ ملک اور چمن کے لیے ریلوے سروس بھی مسلسل تیسرے روز معطل رہی۔ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج بھی روانہ نہ ہو سکی، جس سے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ چمن کے لیے پیسنجر ٹرین بھی ناگزیر وجوہات کی بنا پر آج نہیں چلائی گئی، تاہم سروس کی بحالی کے حوالے سے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔
دوسری جانب شہریوں نے موبائل انٹرنیٹ اور ٹرین سروس کی طویل معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سروسز کی فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ روزمرہ کے امور، کاروباری سرگرمیاں اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں مزید متاثر نہ ہوں۔



















