ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیزی کا رجحان برقرار ہے اور آج سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونا 14 ہزار 800 روپے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 5 لاکھ 29 ہزار 162 روپے تک جا پہنچی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 12 ہزار 689 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 53 ہزار 671 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ صرافہ مارکیٹوں میں قیمتوں کے اس اچانک اضافے سے خریداروں اور سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ عالمی بازار میں سونے کی قیمت 148 ڈالر کے اضافے کے بعد 5 ہزار 64 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے، جس کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔



















