دنیا بھر میں رواں سال کا پہلا سورج گرہن آج وقوع پذیر ہوگا، تاہم محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق یہ فلکیاتی مظہر پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سورج گرہن افریقا اور جنوبی امریکا کے بعض علاقوں میں دیکھا جا سکے گا، جبکہ پاکستان اس کے مشاہدے سے محروم رہے گا کیونکہ اس وقت سورج افق پر موجود نہیں ہوگا۔
ادارے کے مطابق بحراوقیانوس، بحرالکاہل اور بحیرۂ ہند کے بعض حصوں میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا، جبکہ مکمل حلقہ نما منظر جسے رنگ آف فائر کہا جاتا ہے، صرف انٹارکٹیکا کے مخصوص علاقوں میں دکھائی دے گا۔ یہ منظر اس وقت بنتا ہے جب چاند سورج کے عین وسط میں آ جاتا ہے مگر اس کا قطر مکمل طور پر سورج کو نہیں ڈھانپ پاتا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 56 منٹ پر ہوگا، جبکہ شام 5 بج کر 12 منٹ پر یہ اپنے عروج پر پہنچے گا۔ گرہن کا اختتام شام 7 بج کر 28 منٹ پر متوقع ہے، جس کے بعد سورج اپنی معمول کی حالت میں واپس آ جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر دو سورج گرہن اور دو چاند گرہن ہوں گے، جو مختلف خطوں میں دیکھے جا سکیں گے۔



















