رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ، مسجد قبلتین اور مسجد قباء میں 20 لاکھ سے زائد زائرین اور نمازیوں کا روح پرور اجتماع ہوا، جہاں لاکھوں افراد نے باجماعت نمازِ جمعہ ادا کی۔
نمازیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ان مساجد کے صحنوں، بالائی منزلوں، اطراف کی عمارتوں اور ملحقہ شاہراہوں تک صفیں بچھ گئیں، اور عبادت گزاروں نے انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ نماز ادا کی۔
عرب میڈیا کے مطابق مقدس مساجد کے اطراف سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول اور صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور عبادات پرسکون ماحول میں ادا کی جا سکیں۔
اس کے علاوہ سعودی عرب بھر کی دیگر مساجد میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے نمازِ جمعہ ادا کی، جس کے باعث ملک بھر میں روحانی فضا نمایاں طور پر محسوس کی گئی۔



















