بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے سلسلے میں اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں طبی سہولت فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق یہ منتقلی 24 فروری کو عمل میں آئی تاکہ علاج کے اگلے مرحلے کو مکمل کیا جا سکے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے مطابق عمران خان کو اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹرئیل انجکشن کی دوسری ڈوز دی گئی۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈوز دینے سے قبل کارڈیالوجسٹ کنسلٹنٹ نے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی سمیت ضروری طبی معائنے کیے، جن کے نتائج نارمل آئے۔
پمز اسپتال کے اعلامیے کے مطابق اسپتال میں قیام کے دوران، پروسیجر کے وقت اور اس کے بعد بھی عمران خان کے وائٹل سائنز مستحکم رہے۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا اور بتایا کہ علاج کا مرحلہ معمول کے مطابق مکمل کیا گیا۔
پمز اور شفا آئی اسپتال کے کنسلٹنٹ اوفتھلمولوجسٹ اور کنسلٹنٹ وائٹریو ریٹینل سرجن کی رہنمائی میں یہ پروسیجر انجام دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق یہ عمل ڈے کیئر سرجری کے طور پر کیا گیا، جبکہ پروسیجر سے قبل اسپیشلسٹس کے بورڈ نے مکمل طبی معائنہ بھی کیا۔
اسپتال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معائنے اور علاج مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات، فالو اپ مشورے، نسخہ جات اور متعلقہ دستاویزات فراہم کر کے ڈسچارج کر دیا گیا۔



















