اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں کے معاملے پر ریڈ زون کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام سکیورٹی خدشات کے پیش نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔
ریڈ زون کی جانب جانے والے مختلف راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ رینجرز کے دستے داخلی مقامات پر مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اسلام آباد کے داخلی راستوں پر چیکنگ کا عمل انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔ ناکوں پر شہریوں کے شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال کے ساتھ گاڑیوں کی مکمل تلاشی بھی لی جا رہی ہے تاکہ مشکوک عناصر کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ریڈ زون میں موجود ہیں اور سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔



















